سلطان آف جوہر ہاکی کپ، پاکستان اور بھارت منگل کو مدمقابل ہوں گے
جوہر بارو (ویب ڈیسک) سلطان آف جوہر ہاکی کپ کا آغاز کل ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں ہوگا، جہاں دنیا بھر سے اکیس سال تک کی عمر کے کھلاڑی شرکت کریں گے۔
پاکستان کی جونیئر ہاکی ٹیم اپنا افتتاحی میچ کل میزبان ملائیشیا کے خلاف کھیلے گی۔ ٹیم نے ہیڈ کوچ کامران اشرف کی نگرانی میں جوہر بارو ہاکی اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی، جس میں مختلف ڈرلز کے ذریعے کھلاڑیوں کی کارکردگی میں نکھار لانے پر توجہ دی گئی۔
پاکستان جونیئر ٹیم اپنا دوسرا میچ اتوار کے روز انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی، جبکہ 14 اکتوبر بروز منگل روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم مقابلہ ہوگا۔
قومی جونیئر ٹیم کے کپتان حنان شاہد نے کہا کہ میچ سے قبل ہونے والے واحد پریکٹس سیشن میں کھیل کے مختلف پہلوؤں کو بہتر بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایونٹ کا پہلا میچ ہمیشہ اہم ہوتا ہے، اور وہ چاہتے ہیں کہ ملائشیا کے خلاف کامیابی حاصل کر کے اپنے اعتماد میں اضافہ کریں۔
حنان شاہد کا مزید کہنا تھا کہ ملائشیا ایک مضبوط ٹیم ہے، مگر پاکستانی کھلاڑیوں نے بھرپور تیاری کی ہے اور وہ مثبت نتائج کے لیے پرعزم ہیں۔