بھارتی کرکٹ ٹیم کے دو مایہ ناز کھلاڑی، روہت شرما اور ویرات کوہلی کی 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں شرکت غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔
روہت شرما، جو بھارت کو ٹی20 ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی جیسے بڑے اعزازات جتوا چکے ہیں، اور ویرات کوہلی، جنہوں نے اپنی شاندار بیٹنگ سے کئی بار بھارت کو کامیابیاں دلائیں، دونوں اب ٹیسٹ اور ٹی20 فارمیٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔ تاہم، فی الحال دونوں کھلاڑی ون ڈے کرکٹ جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی نے ویرات اور روہت کو واضح پیغام دیا ہے کہ اگر وہ 2027 ورلڈ کپ کے لیے اپنی دستیابی برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو انہیں رواں سال دسمبر سے شروع ہونے والی ڈومیسٹک وجے ہزارے ٹرافی اور دیگر اے لسٹ میچز کھیلنے ہوں گے۔ ان میں بھارت اے کی جانب سے آسٹریلیا اے اور جنوبی افریقہ اے کے خلاف تین، تین ون ڈے میچز شامل ہیں۔ بورڈ کا مؤقف ہے کہ ان میچز میں شرکت کے بغیر 2027 ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں ان کی شمولیت ممکن نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی نے وجے ہزارے ٹرافی آخری بار 2010 میں کھیلی تھی، جب کہ روہت شرما نے اس ٹورنامنٹ میں آخری بار 2018 میں شرکت کی۔ اپنے آخری میچز میں دونوں کھلاڑی بالترتیب 16 اور 17 رنز ہی بنا سکے تھے۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ انگلینڈ کے حالیہ دورے میں ون ڈے اسکواڈ سے باہر کیے جانے پر روہت اور ویرات بین الاقوامی کرکٹ سے مکمل ریٹائرمنٹ پر غور کر رہے ہیں، تاہم اس بارے میں کوئی حتمی اعلان سامنے نہیں آیا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی مستقبل کے لیے نوجوان کھلاڑیوں پر انحصار کرنا چاہتی ہے اور 2027 کے ورلڈ کپ کے منصوبے میں روہت اور ویرات شامل نہیں ہیں۔ اس سلسلے میں شبمن گل کو نوجوان قیادت کے طور پر خاص اہمیت حاصل ہو گئی ہے، جو حالیہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی دکھا کر سلیکٹرز کا اعتماد جیت چکے ہیں۔ بھارتی کرکٹ کے کئی حلقے شبمن گل کو مستقبل میں تینوں فارمیٹس کا کپتان دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔