ایشیا کپ کے بعد جونیئر ہاکی ٹیم کی ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا

0

اسلام آباد – پاکستان کی جونیئر ہاکی ٹیم کی رواں برس ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت بھی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی جونیئر ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت دینے کا امکان نہیں ہے، جہاں نومبر اور دسمبر 2025 میں ایف آئی ایچ جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کا انعقاد شیڈول ہے۔

ذرائع کے مطابق اس سے قبل ایشیا کپ کے لیے بھی پاکستانی ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی، اور پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو اس فیصلے سے پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا۔ اب پی ایچ ایف کو واضح طور پر مطلع کر دیا گیا ہے کہ سال 2025 میں کوئی بھی قومی ہاکی ٹیم بھارت کا دورہ نہیں کرے گی۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ اس سلسلے میں پاکستان ہاکی فیڈریشن جلد ایک باضابطہ اعلان کرے گی، جس میں جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں عدم شرکت کی وضاحت کی جائے گی۔

خیال رہے کہ ایف آئی ایچ کی جانب سے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کا شیڈول پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے۔ یہ عالمی ٹورنامنٹ 28 نومبر سے 10 دسمبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا، جس میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں گروپ بی میں شامل ہیں۔

قومی کھیل ہاکی کے چاہنے والوں کے لیے یہ ایک اور مایوس کن خبر ہے، کیونکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت محدود ہونے سے ان کی ترقی، تجربے اور عالمی سطح پر نمائندگی کے مواقع بھی متاثر ہو رہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.