اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کھیلوں کے صحافی دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت تشخص کے سفیر کا کردار ادا کر رہے ہیں، ان کی خدمات نہ صرف قابل تعریف ہیں بلکہ کھیلوں کے فروغ میں بھی ان کا کردار نمایاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کھیلوں کے صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔

یہ بات انہوں نے راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کی حلف برداری اور ورلڈ اسپورٹس جرنلسٹس ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جو سرینا ہوٹل کے تعاون سے منعقد کی گئی تھی۔
تقریب میں معروف اولمپئن شہباز سینیئر، صدف صدیقی، باکسر عثمان وزیر، سی ای او سرینا ہوٹل عزیز بولانی، صدر پی ایف یو جے افضل بٹ، نیشنل پریس کلب کی سیکرٹری نیر علی، سیکرٹری فنانس وقار عباسی، عالیہ رشید سمیت کھیل اور صحافت سے وابستہ متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ سپورٹس جرنلسٹس نے ہمیشہ پاکستانی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم جیسے قومی ہیرو آج ملک کا فخر ہیں، جن کی کامیابیوں کو عوام تک پہنچانے میں صحافیوں کا کلیدی کردار ہے۔ اگر کھیلوں کے صحافی نہ ہوتے تو شائقین کی دلچسپی بھی ماند پڑ جاتی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کھیلوں کی رپورٹس اور تجزیوں سے نہ صرف کھلاڑیوں کی کارکردگی سامنے آتی ہے بلکہ نوجوان نسل کو بھی کھیلوں کی طرف راغب کرنے میں مدد ملتی ہے۔ "ہم سپورٹس جرنلسٹس کے ساتھ ایک قدم آگے بڑھ کر کھڑے ہوں گے”، انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا۔
اس موقع پر سی ای او سرینا ہوٹل عزیز بولانی نے کہا کہ ان کا ادارہ ہمیشہ کھیلوں اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کرتا آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے شمار ٹیلنٹ موجود ہے جنہیں عالمی سطح تک لانے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
تقریب کے دوران عطا اللہ تارڑ نے رسجا کے نومنتخب عہدیداروں سے حلف بھی لیا۔ تقریب سے صدر رسجا ابوبکر بن طلعت، پیٹرن عبدالمحی شاہ اور چیئرمین شکیل اعوان نے بھی خطاب کیا اور سپورٹس جرنلزم کے فروغ پر زور دیا۔
