لاہور(نیوز ڈیسک)محمد مسرور پاکستان کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کے عہدے سے سبکدوش

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ محمد مسرور نے اپنی ذمہ داریوں سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔ محمد مسرور نے ایک بیان میں کہا کہ ان کا قومی ٹیم کے ساتھ سفر اختتام پذیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے اعتماد اور ٹیم اسٹاف کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ بغیر کسی مایوسی کے اپنا عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ پاکستان کرکٹ کا حصہ رہیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد مسرور کا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے معاہدہ سیریز در سیریز کی بنیاد پر تھا۔ پی سی بی نے کوچنگ اسٹاف میں نئی تقرریوں کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے شین میکڈرمٹ کو نیا فیلڈنگ کوچ جبکہ گرانٹ لوڈن کو اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سابق فاسٹ بولر عمر گل کو پاکستان شاہینز کے کوچنگ عملے میں شامل کیے جانے کے قوی امکانات ہیں۔ پی سی بی جلد ان نئی تقرریوں کا باضابطہ اعلان کرے گا۔
