(نیوز ڈیسک)پاکستان کی شاندار کامیابی، پلیٹ ڈویژن کپ کا فاتح قرار

پاکستان نے جنوبی کوریا میں جاری ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ کے پلیٹ ڈویژن فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مالدیپ کو 35 کے مقابلے میں 60 گولز سے شکست دے دی۔
اس فتح کے ساتھ پاکستان نے پورے ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے مسلسل سات میچز اپنے نام کیے۔ فائنل میں گرین شرٹس نے کسی بھی مرحلے پر مالدیپ کو برتری حاصل نہیں کرنے دی، یوں مکمل طور پر کھیل پر حاوی رہیں۔
چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر گیارہ ٹیموں نے شرکت کی جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا۔ گروپ اے کو گولڈ کپ ڈویژن کا درجہ حاصل تھا، جس میں ملائیشیا، سنگاپور، سری لنکا، ہانگ کانگ اور بھارت شامل تھے، جبکہ گروپ بی میں چائنیز تائپے، جاپان، کوریا، پاکستان، مالدیپ اور سعودی عرب کی ٹیمیں شامل تھیں۔
پاکستان کی اس جیت کو کھیل کے میدان میں ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جو نوجوان کھلاڑیوں کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے۔
