ورلڈ اولمپک ڈے پر اسلام آباد میں جوش و خروش سے بھرپور تقریب کا انعقاد

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک)
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام ورلڈ اولمپک ڈے کے موقع پر راول جھیل اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں واک اور فن رن جیسے سرگرمیاں شامل تھیں۔ تقریب کا مقصد اولمپک جذبے، صحت مند طرزِ زندگی، کھیل اور ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔
اس رنگا رنگ تقریب میں اولمپین صدف صدیقی، اولمپین احمد علی، اولمپین لیاقت علی، اسلام آباد اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل اور پاکستان روئنگ فیڈریشن کے چیئرمین رضوان الحق رازی، آرمی اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے میجر عرفان یونس، میجر نوید، سپورٹس آرگنائزرز، کھلاڑیوں، بچوں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں بچوں کے لیے خصوصی فن رن کا اہتمام کیا گیا، جس میں ننھے شرکاء نے پرجوش انداز میں حصہ لیا۔ اس کے علاوہ اولمپک رنگز سے مزین کیک بھی کاٹا گیا، جس نے تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔
یاد رہے کہ ورلڈ اولمپک ڈے ہر سال 23 جون کو منایا جاتا ہے تاکہ جدید اولمپک گیمز کے آغاز کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے اور کھیل، فٹنس، اور عالمی یکجہتی کے پیغام کو عام کیا جا سکے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اس دن کو ہر سال بھرپور طریقے سے مناتی ہے تاکہ معاشرے میں صحت مند سرگرمیوں اور مثبت اقدار کو فروغ دیا جا سکے۔
