ڈیفنس ڈے گرلز جونیئر کراٹے چیمپئن شپ: دی ماسٹرز اکیڈمی جیت گئی

اسلام آباد: ڈیفنس ڈے کے موقع پر منعقدہ گرلز جونیئر کراٹے چیمپئن شپ میں دی ماسٹرز اکیڈمی مارشل آرٹس نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ پرویز کراٹے کلب نے دوسری جبکہ چیمپئن کراٹے سکول نے تیسری پوزیشن پر قبضہ جمایا۔
یہ چیمپئن شپ اسلام آباد کراٹے ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سوسائٹی ہال G-15 میں ہوئی، جہاں چیمپئن کراٹے سکول نے میزبانی کے فرائض سرانجام دیے۔ اس ایونٹ کی سرپرستی صدر اسلام آباد کراٹے ایسوسی ایشن عدیل احمد نے کی، جبکہ چیف آرگنائزر محمد عدنان اسلم تھے۔
ایونٹ میں اسلام آباد کے تمام PKF رجسٹرڈ کراٹے کلبوں نے بھرپور شرکت کی۔ چیمپئن شپ کی کامیابی میں چیئرمین IKA سینسی اعجاز الحق، خزانچی IKA پرویز اقبال، اور دیگر ٹیکنیکل آفیشلز رب نواز بٹ، ناصر اشرف، اور وسیم افسر کا کردار نمایاں رہا۔ میزبان خرم شہزاد نے بہترین میزبانی کا مظاہرہ کیا۔
اختتام پر، جیتنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔ معروف کاروباری شخصیت ثنا اللہ کیانی نے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو سراہا اور اسلام آباد کراٹے ایسوسی ایشن کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ انہوں نے آئندہ بھی کراٹے کے کھیل کو فروغ دینے کے لیے اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔