ریکھا شادی کرے گی تو میں بھی چوتھی شادی کرلوں گی: نشو بیگم
ماضی کی مشہور پاکستانی اداکارہ نشو بیگم نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ ان کی تین شادیاں ہو چکی ہیں اور انہوں نے اپنی پہلی شادی کو بے وقوفی قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نکاح کو ہمارے معاشرے میں غیر ضروری مسئلہ بنا دیا گیا ہے جبکہ دنیا کے دیگر ممالک، خاص طور پر سعودی عرب میں خواتین کئی شادیاں کرتی ہیں اور اسے معمول سمجھا جاتا ہے۔ نشو بیگم نے بتایا کہ ان کے رشتے کبھی بند نہیں ہوئے اور آج بھی انہیں شادی کی پیشکشیں ملتی رہتی ہیں، جبکہ ان کے بچوں کو ان کی شادی سے کوئی اعتراض نہیں، بلکہ ان کا بیٹا انہیں مشورہ دیتا ہے کہ اگر شادی کریں تو بیوقوفی نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شادی کا عمر سے کوئی تعلق نہیں، اگر ریکھا شادی کر سکتی ہیں تو وہ بھی کر سکتی ہیں۔ ان کی پہلی شادی امام ربانی سے ہوئی تھی، جن سے ان کی بیٹی صاحبہ ہیں، یہ شادی صرف گیارہ ماہ چلی۔ دوسری شادی بھارتی شاعر ندا فاضلی کے بھائی تسلیم فاضلی سے کی، جو بتیس برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے، جبکہ تیسری شادی فلم ساز کاظم پاشا سے کی، جو ان کی وفات تک قائم رہی۔ اداکارہ نے اعتراف کیا کہ ان کے دوسرے اور تیسرے شوہروں سے بھی ان کے بچے ہیں۔