بالی ووڈ کے معروف اداکار اور ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ عامر خان نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ اپنے کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔

2016 میں ریلیز ہونے والی سپر ہٹ فلم *دنگل* کے لیے عامر خان نے پہلے تقریباً 25 کلو وزن بڑھایا، اور پھر صرف 5 ماہ کے اندر وہی وزن کم کر کے سب کو حیران کر دیا۔
60 سالہ عامر خان نے وزن بڑھانے کے تجربے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شروع میں یہ سفر مزے دار تھا کیونکہ وہ جو چاہتے کھا سکتے تھے، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ یہ عمل جسمانی طور پر بہت تکلیف دہ ثابت ہوا۔ ان کے بقول، وزن میں اضافے کے باعث جسم کی حرکت، سانس لینے، بیٹھنے اور چلنے کے انداز تک میں تبدیلی آ گئی تھی۔
عامر خان نے فلم *دنگل* میں پہلوان مہاویر سنگھ پھوگاٹ کا کردار ادا کرنے کے لیے اپنا وزن 97 کلو تک بڑھایا، جس میں ان کا باڈی فیٹ 38 فیصد تک پہنچ گیا تھا۔ لیکن صرف 5 ماہ میں وہ 72 کلو تک آ گئے اور باڈی فیٹ کو 9.6 فیصد پر لے آئے۔
عامر خان کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی صرف ورزش سے ممکن نہیں ہوئی، بلکہ سخت ڈسپلن، مثبت سوچ اور مستقل مزاجی کا نتیجہ تھی۔ ان کے مطابق، وزن کم کرنے میں سب سے اہم چیز غذا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ اگر خوراک درست نہ ہو تو جتنی بھی ورزش کی جائے، مطلوبہ نتائج نہیں ملتے۔
ان کے ٹرینرز کے مطابق، عامر خان نے کبھی کبھی تھکن اور مایوسی کے باعث ورزش روکنے کا کہا، لیکن ہم نے شدت کم کیے بغیر ان کا حوصلہ بڑھایا۔ یہی مسلسل دباؤ اور حوصلہ افزائی ان کی کامیابی کی وجہ بنی۔
