معروف اداکارہ کابچپن میں ہراساں کیے جانے کا انکشاف

0

ابھرتی ہوئی اداکارہ ماہا حسن نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بچپن میں ہراسانی کا شکار ہوئیں، جس کا گہرا اثر ان کی شخصیت، سوچ اور ایمان پر پڑا۔ ایک حالیہ یوٹیوب انٹرویو میں انہوں نے اپنے تلخ تجربے پر کھل کر بات کی۔

ماہا حسن نے بتایا کہ کم عمری میں ایک شخص نے ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا، جس وقت وہ یہ سمجھنے سے قاصر تھیں کہ ان کے ساتھ کیا غلط ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق، وہ اس شخص کو بار بار ’تھراپی کروانے‘ کا مشورہ دیتی رہیں، حالانکہ انہیں فوری طور پر اس سے دوری اختیار کرنی چاہیے تھی اور قانونی قدم اٹھانا چاہیے تھا۔

اداکارہ نے کہا کہ ہم اکثر یہ سوچتے ہیں کہ سمجھانے سے ایسے افراد اپنی حرکتیں چھوڑ دیں گے، لیکن یہ ایک بڑی غلط فہمی ہے کیونکہ ایسے لوگ موقع ملتے ہی دوبارہ وہی عمل دہراتے ہیں۔

ماہا حسن نے بتایا کہ اس واقعے نے ان کی ذہنی صحت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا اور وہ طویل عرصے تک اپنی ذات، ایمان اور مذہب سے متعلق سوالات کرتی رہیں۔ تاہم وقت کے ساتھ اور تھراپی کی مدد سے وہ دوبارہ سنبھلیں اور آج ان کا دین اور روحانیت سے تعلق پہلے سے زیادہ مضبوط ہو چکا ہے۔

انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ شوبز انڈسٹری میں ہراسانی کے واقعات موجود ہیں اور اس کے سدباب کے لیے مؤثر اقدامات، سخت نگرانی اور ذمہ داروں کے خلاف بلا تفریق کارروائی ضروری ہے۔

ماہا حسن نے والدین کو مشورہ دیا کہ اپنے بچوں پر اندھا اعتماد نہ کریں۔ چاہے بیٹا ہو یا بیٹی، جس کے ساتھ بھی وقت گزار رہے ہوں، ان پر گہری نظر رکھیں، کیونکہ اعتماد کا غلط فائدہ کسی بھی وقت اٹھایا جا سکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.