معروف ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی جانب سے اپنی قریبی دوست کو بھیجا گیا آخری آڈیو پیغام منظر عام پر آ گیا ہے، جس میں انہوں نے اپنے کیریئر اور زندگی کے لیے دعاؤں کی درخواست کی تھی۔

اداکارہ کی دوست در شہوار نے ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ یہ آڈیو پیغام ستمبر 2024 میں موصول ہوا تھا۔ در شہوار کے مطابق، حمیرا نے وائس نوٹ میں کہا:
"معذرت، میں بس مصروف تھی اور تمہارا فون نہیں اٹھا سکی، میں بہت خوش ہوں کہ تم مکہ میں ہو۔”
وائس نوٹ میں وہ مزید کہتی ہیں:
"اپنی کیوٹ سی دوست کے لیے دل سے بہت ساری دعائیں مانگنا، میرے کیرئیر کے لیے، دعاؤں میں ضرور یاد رکھنا۔”
یہ جذباتی پیغام اس وقت سامنے آیا جب 8 جولائی 2025 کو اداکارہ کی لاش کراچی کے اتحاد کمرشل کے ایک فلیٹ سے برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق فلیٹ کا دروازہ اس وقت توڑا گیا جب مالک مکان کرایہ ادا نہ ہونے پر عدالت سے رجوع کر چکا تھا، اور عدالتی بیلف کے ساتھ پہنچنے پر دروازہ بند پایا گیا۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق، لاش شدید ڈی کمپوزیشن کی حالت میں تھی اور ماہرین کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی موت کو تقریباً 8 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔
اس انکشاف نے نہ صرف شوبز حلقوں کو حیران کر دیا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی مداحوں نے گہرے دکھ اور سوالات کا اظہار کیا ہے کہ اتنے طویل عرصے تک کسی نے اداکارہ کی گمشدگی کی رپورٹ کیوں نہیں کی۔
