‘ایف ون’ کا ہیپٹک ٹریلر عام فلموں کے ٹریلر سے مختلف کیوں؟
فلم رواں ماہ 27 جون کو سنیما گھروں کی زینت بننے جا رہی ہے
(نیوز ڈیسک) فارمولہ ون ریس کے دیوانوں کے لیے خوشخبری ہے کہ ہالی وڈ اداکار بریڈ پٹ کی موسٹ اوویٹڈ فلم ‘ایف ون’ رواں ماہ 27 جون کو سنیما گھروں کی زینت بننے جا رہی ہے۔
اس موقع پر ‘ایپل’ کمپنی نے ‘اپیل ٹی وی پلس’ پر اس فلم کا ‘ہیپٹک ٹریلر’ جاری کرکے خصوصی طور پر آئی فون صارفین کے لیے ایک منفرد تجربہ پیش کیا ہے۔
یہ ہپٹک ٹریلر ‘ایپل’ کے معروف Taptic Engine کی مدد سے صارفین کو فلم کی ریسنگ سنسیشن باقاعدہ محسوس کرنے کا موقع دیتا ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ایپل صارفین اپنے فونز پر یہ ٹریلر دیکھتے ہوئے اپنے ہاتھوں میں انجن کی گڑگڑاہٹ، ٹریک کے کناروں کی لرزش اور گیئر شفٹس کی شدت کو پہلے کبھی نہ محسوس کیے گئے انداز میں محسوس کر سکیں گے۔
‘ہیپٹک ٹریلر’ کیا ہوتا ہے؟
یہ ایک خاص قسم کا فلم کا ٹریلر ہے جو آپ کو اپنے آئی فون کے ذریعے فلم میں دکھائے گئے ایکشن سینز باقاعدہ محسوس کرنے کا موقع دیتا ہے۔
ٹریلر دیکھتے وقت آپ کا فون مختلف ایکشن سینز کے ساتھ ہم آہنگ ہوتے ہوئے وائبریٹ ہوتا ہے، انجن کی گڑگڑاہٹ اور گاڑی کریش ہونے کی صورت میں لگنے والے جھٹکے کے علاوہ سیٹ بیلٹ لگانا، ریس دینا اور حتیٰ کہ گھڑی کی سوئیوں کی ٹک ٹک بھی آپ کو باقاعدہ محسوس ہوگی۔
یہ دنیا کا پہلا فلمی ٹریلر ہے جو صارفین کو اس طرح کا تجربہ پیش کرتا ہے، یہ ہیپٹک ٹریلر فی الحال Apple TV ایپ پر دستیاب ہے لیکن اسے چلانے کے لیے iOS 18.4 یا اس سے جدید تر ورژن درکار ہوگا۔
جن صارفین کے پاس پرانا ورژن ہے، وہ اس تجربے سے محروم رہیں گے، البتہ فلم کا ایک عام ٹریلر بھی دستیاب ہے، جسکے ویژوئلز تو شاندار ہیں مگر یہ آپ کے ہاتھوں کو لرزا نہیں سکتا۔
ٹریلر کی طرح یہ فلم بھی کوئی عام فلم نہیں ہے، اس میں ہالی وڈ کے سپر اسٹار بریڈ پٹ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ ہدایت کاری کے فرائض جوزف کوسنزکی نے انجام دیے ہیں، جو پہلے ‘ٹاپ گن: میورک’ اور ‘ٹرون: لیگیسی’ جیسی فلمیں بنا چکے ہیں۔
موسیقی کی دنیا کا بڑا نام ہینس زمر نے اس فلم کا میوزک ترتیب دینے کی ذمہ داری نبھائی ہے، جو اسے مزید جذباتی رنگ دے گا۔
فلم میں بریڈ پٹ نے سونی ہیز کا کردار ادا کیا ہے، جو ایک سابق فارمولا ون ڈرائیور ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں ‘فارمولہ ون’ نے دنیا بھر میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔
نیٹ فلکس کی ڈاکیومنٹری سیریز Drive to Survive نے اس اسپورٹس کو نئی نسل کے ناظرین تک پہنچایا، جس کے بعد ‘فارمولہ ون’ نہ صرف ایک اسپورٹس بلکہ ثقافتی سطح پر بھی ایک بڑی شناخت بن چکا ہے۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
