اب والدین 13 سال سے کم عمر بچوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو کنٹرول کرسکیں گے
اب والدین 13 سال سے کم عمر بچوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو کنٹرول کرسکیں گے
واٹس ایپ نے 13 سال سے کم عمر بچوں کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کی مدد سے والدین اپنے بچوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو کنٹرول کر سکیں گے۔
"پیرنٹ منیج اکاؤنٹ” نامی اس فیچر کے تحت بچوں کو صرف میسجنگ اور کالنگ کی سہولت دستیاب ہو گی۔ کمپنی کے مطابق اس فیچر کا مقصد 13 سال سے کم عمر بچوں کے آن لائن تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
واٹس ایپ چیٹس کے لیے ایک نئی دلچسپ تبدیلی کر دی گئی
ان اکاؤنٹس میں بہ ڈیفالٹ سخت پرائیویسی سیٹنگز لاگو ہوں گی اور والدین کو مختلف کنٹرولز حاصل ہوں گے۔ والدین فیصلہ کر سکیں گے کہ کون سے افراد ان کے بچوں سے رابطہ کر سکتے ہیں، وہ کون سے گروپس میں شامل ہو سکتے ہیں اور کونسی پرائیویسی سیٹنگز ایڈجسٹ کر سکتے ہیں۔
واٹس ایپ نے بتایا کہ بچوں کی گفتگو کو اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہو گا، تاہم ان اکاؤنٹس کو میٹا اے آئی، چینلز یا اسٹیٹس جیسے فیچرز تک رسائی حاصل نہیں ہو گی۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے والدین اور بچے دونوں کے پاس علیحدہ ڈیوائسز ہونی چاہئیں۔ دونوں اکاؤنٹس کو کیو آر کوڈ کے ذریعے لنک کیا جائے گا اور کنیکٹ ہونے کے بعد والدین بچوں کے اکاؤنٹس کو کنٹرول کر سکیں گے۔
جب بچے کی عمر 13 سال سے زائد ہو جائے گی تو والدین کو نوٹیفکیشن کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا کہ وہ منیج اکاؤنٹ کو اسٹینڈرڈ اکاؤنٹ میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ فیچر آنے والے مہینوں میں تمام صارفین کو دستیاب ہو گا۔