نیٹ فلکس کے منافع میں اشتہارات اور سبسکرپشن کے باعث نمایاں اضافہ

0

امریکی آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں شاندار مالی نتائج رپورٹ کیے ہیں، جس کے مطابق کمپنی کے منافع میں 45 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کی اہم وجوہات میں سبسکرپشن قیمتوں میں اضافہ اور اشتہارات سے حاصل ہونے والی آمدنی شامل ہیں۔

بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق، اپریل سے جون 2025 کی سہ ماہی کے دوران نیٹ فلکس کی آمدنی میں 16 فیصد اضافہ ہوا، جو بڑھ کر 11.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ یہ اعداد و شمار نہ صرف ماہرین کے اندازوں بلکہ کمپنی کی اپنی پیشگوئی سے بھی کہیں زیادہ ہیں۔ اس مدت میں کمپنی کا خالص منافع 3.1 ارب ڈالر رہا۔

نیٹ فلکس نے 2025 کے لیے اپنی سالانہ آمدنی کی پیشگوئی بھی بہتر کر دی ہے، جو اب 44.8 سے 45.2 ارب ڈالر کے درمیان متوقع ہے، جبکہ پہلے یہ 43.5 سے 44.5 ارب ڈالر کے درمیان تھی۔

کمپنی نے اس سہ ماہی میں اپنے شوز کی کامیابی کو سراہا، خاص طور پر کورین ڈرامہ "سکوئیڈ گیمز” کے تیسرے سیزن کو، جسے 122 ملین مرتبہ دیکھا گیا۔ نیٹ فلکس کے مطابق یہ اس کی تاریخ کا چھٹا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا سیزن ہے، اور یہ بین الاقوامی مواد کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

نیٹ فلکس نے اعلان کیا ہے کہ وہ لائیو پروگرامنگ کی طرف بھی توجہ دے رہا ہے، جس میں باکسنگ کے بڑے مقابلے اور این ایف ایل گیمز شامل ہوں گی۔ اس اقدام کا مقصد صارفین کو صرف آن ڈیمانڈ انٹرٹینمنٹ کے بجائے متنوع مواد کی فراہمی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سال کے آغاز سے اب تک نیٹ فلکس کے حصص کی قیمت میں 40 فیصد سے زائد اضافہ ہو چکا ہے۔ کمپنی نے رواں سہ ماہی میں اپنی ایڈورٹائزنگ پالیسی کو مزید وسعت دی ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ 2025 میں اشتہارات سے حاصل ہونے والی آمدنی دوگنی ہو سکتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.