کیا واقعی مائیکروسافٹ پاکستان چھوڑ رہی ہے؟جانیے
اسلام آباد: حالیہ دنوں میں یہ خبریں سامنے آئی ہیں کہ ٹیکنالوجی کی عالمی شہرت یافتہ کمپنی مائیکروسافٹ نے پاکستان میں اپنے 25 سالہ آپریشنز بند کر دیے ہیں۔ ان اطلاعات کو تقویت اس وقت ملی جب کمپنی کے پہلے کنٹری منیجر، جواد رحمان نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام میں اس مرحلے کو "ایک دور کا اختتام” قرار دیا اور بتایا کہ چند باقی ماندہ ملازمین کو حال ہی میں اس فیصلے سے باقاعدہ طور پر آگاہ کیا گیا۔

مائیکروسافٹ نے پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز جون 2000 میں کیا تھا اور ملک میں ٹیکنالوجی کے فروغ میں ایک اہم کردار ادا کیا۔ تاہم ان اطلاعات کے بعد خدشات پیدا ہو گئے کہ کمپنی شاید پاکستان سے مکمل طور پر نکل گئی ہے۔
دوسری جانب، وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے 4 جولائی کو جاری کردہ ایک باضابطہ بیان میں ان خدشات کو مسترد کر دیا ہے۔ وزارت کے مطابق مائیکروسافٹ نے پاکستان سے انخلا نہیں کیا بلکہ یہ تبدیلی کمپنی کی عالمی سطح پر تنظیم نو (ری اسٹرکچرنگ) پالیسی کا حصہ ہے، جس کے تحت مختلف ممالک میں تنظیمی ڈھانچے میں رد و بدل کیا جا رہا ہے۔
وزارت نے اس بات پر زور دیا کہ مائیکروسافٹ کی پاکستان میں موجودگی برقرار ہے اور مستقبل میں بھی ملک کے ڈیجیٹل وژن کے فروغ میں اس کا کردار اہم رہے گا۔
