گوادر(نیوزڈیسک)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گوادر کے اپنے پہلے دورے کے دوران بارش سے متاثرہ افراد سے ملاقات کی اور انھیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی بحالی کیلئے جامع پلان پیش کیا جائے گا۔ اس موقع پر انھوں نے اعلان کیا کہ مکمل تباہ مکان والے ہر خاندان کو ساڑھے سات لاکھ ملیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے گوادر میں متاثرین اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 26 فروری کو طوفانی بارشوں نے گوادر اور گردونواح میں تباہی مچادی، طوفانی بارش سے بلوچستان میں 5 افراد جاں بحق ہوئے۔
انھوں نے کہا کہ آپ کے گھرڈوب رہے ہیں میں اسلام آباد میں کیسے بیٹھ سکتا ہوں، اس لئے پہلی فرصت میں گوادرحاضر ہوا ہوں، میں یہاں فوٹو سیشن کےلیے نہیں آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کی ریسکیو اور مدد میں کوئی کسرنہ چھوڑی جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے، متاثرہ مواصلاتی نظام کی بحالی پر کام کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ متاثرین کے تمام نقصانات پر ان کی مدد کریں گے، یہ آپ پر احسان نہیں بلکہ نومنتخب حکومت کا فرض ہے، مصیبت کے وقت اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔