اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی فیصلوں کی بدولت پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کے لیے مناسب مقدار موجود ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اجلاس میں خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
سینئرز کی جانب سے چھوٹی چھوٹی باتوں پر تنقید، علیزے شاہ، عینا کی حمایت میں سامنے آگئیں
ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والے اجلاس میں اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، عطا تارڑ، مصدق ملک، احسن اقبال، شزا فاطمہ اور اویس لغاری کے علاوہ گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور دیگر متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومتی فیصلوں کی بدولت پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کے لیے مناسب مقدار دستیاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں عوامی ریلیف کو اولین ترجیح دی گئی، اور جتنا ممکن ہو سکا، گزشتہ تین ہفتوں میں عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا۔ تیل کی قیمتوں میں اضافے سے روکنے کے لیے وفاقی حکومت نے 125 ارب روپے فراہم کیے، جو مختلف بچتوں اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کرکے دیے گئے۔
وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بچت مہم میں حکومت کا ساتھ دیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اور دفاتر و کام کی جگہوں پر ٹیلی کانفرنسنگ کو ترجیح دیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں موٹرسائیکل اور رکشہ مالکان کو اپنی رجسٹریشن اپنے نام کرانے میں سہولیات فراہم کریں، تاکہ ملک بھر کے موٹرسائیکل اور رکشوں کا ڈیٹا ڈیجیٹائز ہو جائے اور مالکان حکومت کی طرف سے دی جانے والی ریلیف سے مستفید ہو سکیں۔
اس حوالے سے وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز سے رابطے تیز کریں۔