وزیر خوراک سندھ مخدوم محبوب الزمان نے دیگر وزرا کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ سندھ حکومت نے گندم کی امدادی قیمت 3500 روپے فی من مقرر کر دی ہے۔
مخدوم محبوب الزمان کے مطابق یکم اپریل سے گندم کی خریداری شروع ہو جائے گی اور باردانہ صرف ان ہاریوں کو فراہم کیا جائے گا جو ہاری کارڈ پر رجسٹرڈ ہوں گے۔
صوبائی وزیر خوراک نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد مڈل مین کے کردار کو ختم کرنا اور حقدار کو اس کا حق دلانا ہے، جبکہ رجسٹرڈ ہاری کارڈ کے تحت خریداری سے شفافیت اور معیار بھی برقرار رہے گا۔
مخدوم محبوب الزمان نے مزید کہا کہ سندھ نے گندم مشکل وقت کے لیے رکھی تھی، جو رمضان کے دوران جاری کی گئی۔