Gas Leakage Web ad 1

عید الفطر کے 10 روایتی پکوان

عید الفطر کے 10 روایتی پکوان

0

عید الفطر جسے میٹھی عید بھی کہا جاتا ہے، دنیا بھر میں مسلمان روایتی انداز سے منانا پسند کرتے ہیں۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے اختتام پر منائی جانے والی عید پر لوگ ایک دوسرے سے ملاقات کرکے خوشیاں شیئر کرتے ہیں اور اس موقع پر پکوان بہت زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔ یہاں ایسے ہی پکوانوں کا ذکر کیا گیا ہے جو دنیا کے مختلف ممالک میں عید الفطر کے روایتی پکوان سمجھے جاتے ہیں جن میں سے کچھ میٹھے جبکہ کچھ تیکھے یا نمکین ہوسکتے ہیں۔

Gas Leakage Web ad 2

مراکش میں عید الفطر کا آغاز نماز کے بعد ناشتے میں لاسیدا کو کھا کر ہوتا ہے، یہ پکوان دیکھنے میں رائس پڈنگ سے ملتا جلتا ہے مگر اس میں مکھن، شہد اور گرما مصالحے شامل ہوتے ہیں، سادہ مگر میٹھے اس پکوان کو وہاں بہت شوق سے کھایا جاتا ہے، اسی طرح شمالی افریقہ میں عید پر جو پکوان سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے وہ تیگینی ہے جو چکن سے تیار کیا جاتا ہے، تاہم کچھ لوگ اسے بکرے کے گوشت سے بھی تیار کرتے ہیں جس میں خشک میوہ جات کو بھرا جاتا ہے۔

برصغیر پاک و ہند میں عید الفطر کے موقع پر شیر خرما کو بے حد پسند کیا جاتا ہے جو سویوں اور دودھ کے امتزاج سے بنتا ہے اور اسے اکثر باداموں اور چھواروں سے سجایا جاتا ہے۔ برصغیر کے علاوہ بھی یہ پکوان دنیا بھر میں عید کے مقبول ترین پکوانوں میں سے ایک ہے۔

انڈونیشیا میں لاپیس لیگیٹ نامی ایک انتہائی لذیذ کیک تیار کیا جاتا ہے جو ایک ہزار تہوں پر مشتمل ہوتا ہے اور رمضان کے اختتام پر عید کے موقع پر پکایا جاتا ہے۔ یہ پکوان انڈونیشیا کے ساتھ ساتھ نیدرلینڈز میں بھی مقبول ہے اور اس کی ہر تہہ مکھن اور متعدد دیگر اجزاء سے تیار کی جاتی ہے۔

افغانستان میں عید الفطر بھرپور جوش و خروش سے منائی جاتی ہے اور اس موقع پر بولانی نامی روٹی پکائی جاتی ہے جو سبز پتوں والی سبزیوں جیسے پالک یا آلو اور کدو یا دال سے بھری جاتی ہے اور اسے عید کے محدود تیکھے پکوانوں میں شمار کیا جا سکتا ہے۔

فلسطین، شام، لبنان، مصر اور عراق میں بٹر کوکیز کو عید کے موقع پر بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔ فلسطین میں اسے graybeh کہا جاتا ہے جس میں بادام یا کوئی اور گری استعمال ہوتی ہے، جبکہ شام اور لبنان میں اسے mamoul کہا جاتا ہے اور اس میں اخروٹ یا کھجور شامل کی جاتی ہے۔ عراق میں اسے klaicha اور مصر میں kahk کہا جاتا ہے جہاں اس میں شہد بھرا جاتا ہے۔

برطانیہ میں عید کے موقع پر سب سے مقبول پکوانوں میں بریانی شامل ہے جو چکن، بیف یا مٹن سے تیار کی جاتی ہے اور رائتے، سلاد اور اچار کے ساتھ پیش کی جاتی ہے۔ یہ پکوان پاکستان اور بھارت میں بھی ہر موقع پر تیار ہوتا ہے۔

ملائیشیا میں عید الفطر کے موقع پر رینڈانگ نامی مصالحہ دار ناریل کا سالن تیار کیا جاتا ہے جس میں گائے کا گوشت زیادہ استعمال ہوتا ہے۔ یہ پکوان انڈونیشیا اور دیگر ممالک جہاں ملائے افراد مقیم ہیں جیسے سنگاپور، برونائی اور فلپائن میں بھی بہت مقبول ہے۔

چین میں رہنے والے مسلمان عید کے موقع پر اکثر اپنے بزرگوں کے گھر جاتے ہیں اور گھر واپسی سے قبل یو شیانگ نامی پکوان کھاتے ہیں جو عام طور پر سوپ یا چاول کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ یہ ایک سادہ اور آٹے سے بنا ہوا پکوان ہے جس کی تیاری اور استعمال سے کئی روایات وابستہ ہیں۔

روس میں عید الفطر کے موقع پر منتی نامی پکوان تیار کیا جاتا ہے جس میں گائے یا بھیڑ کے گوشت کے پارچے بھرے جاتے ہیں اور اس میں کھٹاس ہوتی ہے۔ اسے پکانے کی ترکیب ہر خطے میں مختلف ہو سکتی ہے اور اس کا ذائقہ ہر جگہ یکساں نہیں ہوتا۔

یمن کا اسیدا نامی جیلی پر مبنی میٹھا سعودی عرب، سوڈان اور لیبیا میں بھی بہت شوق سے کھایا جاتا ہے۔ اس میں گندم اور شہد کا استعمال ہوتا ہے اور اسے ابلنے کے بعد فوری طور پر کھا لیا جاتا ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.