کراچی: سپارکو (پاکستان خلائی و بالائی فضائی تحقیقی کمیشن) نے شوال المکرم کے چاند سے متعلق اپنی پیشگوئی جاری کر دی ہے۔
سپارکو کے مطابق شوال کا چاند 19 مارچ 2026ء کو صبح 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہو گا۔ 19 مارچ کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 12 گھنٹے 41 منٹ ہو گی۔
سپارکو کا بتانا ہے کہ 19 مارچ کی شام چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں، جس کے باعث رواں سال 30 روزے مکمل ہونے کا امکان ہے۔ اس طرح عید الفطر 21 مارچ (ہفتہ) کو ہونے کی توقع ہے۔
تاہم سپارکو نے واضح کیا ہے کہ شوال کے چاند کی حتمی رویت کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
دوسری جانب شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 19 مارچ کو اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علماء، محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔