وزارت مذہبی امور نے پاکستان ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کے ملازمین کو اپنے ادارے میں ضم کرنے سے معذرت کر لی ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر ناصر بٹ کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر ہاؤسنگ میاں ریاض پیرزادہ، سیکرٹری ہاؤسنگ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین کو مختلف اداروں میں ضم کرنے کے معاملے پر تفصیلی بحث کی گئی۔
اجلاس کے دوران وزارت مذہبی امور کے حکام نے پی ڈبلیو ڈی ملازمین کو اپنے ادارے میں ضم کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان ملازمین کو اپنے ادارے میں شامل نہیں کر سکتے۔
جمعتہ الوداع کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان
اس پر وفاقی وزیر ہاؤسنگ میاں ریاض پیرزادہ نے وزارت مذہبی امور کے حکام کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ وزارت مذہبی امور وزیراعظم کے احکامات کے خلاف نہیں جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور اپنے ملازمین کو فری حج کرواتی ہے لیکن دوسرے ملازمین کو لینے سے انکار کر رہی ہے۔
چیئرمین کمیٹی سینیٹر ناصر بٹ نے بھی اس معاملے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر وزارت مذہبی امور نے پی ڈبلیو ڈی ملازمین کو نہ لیا تو ان کے ملازمین کا فری حج بند کروایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے کو وزیراعظم کے سامنے اٹھائیں گے۔
اجلاس کے دوران آئی بی حکام نے ملازمین کو عید سے قبل تنخواہ دینے کی یقین دہانی کروائی۔ ڈپٹی ڈی جی آئی بی نے کمیٹی کو بتایا کہ ڈی جی آئی بی نے ملازمین کی سمری منظور کر لی ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے آئی بی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ باقی ادارے بھی آئی بی کی طرح ملازمین کے ساتھ برتاؤ کریں۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈی جی ایف آئی اے نے بھی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈبلیو ڈی ملازمین کا مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا۔
چیئرمین کمیٹی نے بتایا کہ ایف بی آر اور کابینہ ڈویژن نے ملازمین کے مسائل حل کر دیے ہیں اور کوشش کی جا رہی ہے کہ ملازمین کو عید سے قبل تنخواہ دلوائی جائے۔
وفاقی وزیر ہاؤسنگ نے چیئرمین کمیٹی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ڈبلیو ڈی ملازمین کی ایڈجسٹمنٹ کے لیے سینیٹر ناصر بٹ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔