اسلام آباد: پاکستان میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ اور وزیراطلاعات عطا تارڑ کی موجودگی میں چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان نے نیلامی کے نتائج سے آگاہ کیا۔
ملک میں جیٹ فیول کی قیمت بڑھنے سے ائیرلائنز کے کرایوں میں بڑا اضافہ
چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمان نے بتایا کہ آج آکشن کا پہلا مرحلہ (بینڈ ایلوکیشن) تھا جس میں 600 میگاہرٹز اسپیکٹرم نیلامی کے لیے پیش کیا گیا۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 700 میگاہرٹز بینڈ میں تین لاٹ تھے جن میں سے دو بک گئے۔ 2300 میگاہرٹز بینڈ کے پانچوں لاٹ بک گئے جبکہ 2600 میگاہرٹز بینڈ کے 19 لاٹ بھی مکمل طور پر فروخت ہو گئے۔ 3500 میگاہرٹز بینڈ میں 28 میں سے 22 لاٹ (220 میگاہرٹز) بک ہوئے۔
چیئرمین پی ٹی اے کے مطابق کل 597.2 میگاہرٹز اسپیکٹرم میں سے 480 میگاہرٹز نیلام ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک کمپنی نے 190 میگاہرٹز، دوسری نے 180 میگاہرٹز اور تیسری کمپنی نے 110 میگاہرٹز اسپیکٹرم خریدا ہے۔ اسپیکٹرم کی نیلامی 507 ملین ڈالر (تقریباً 144.5 ارب روپے) میں مکمل ہوئی۔
وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کے لیے یہ تاریخی دن ہے کیونکہ 600 میگاہرٹز اسپیکٹرم کی نیلامی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل پاکستان میں صرف 274 میگاہرٹز اسپیکٹرم موجود تھا جس کی وجہ سے انٹرنیٹ کی رفتار سست تھی اور پاکستان خطے میں سب سے کم اسپیکٹرم والا ملک تھا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس عمل میں مکمل تعاون فراہم کیا۔