کراچی: ملک میں جیٹ فیول کی قیمت میں نمایاں اضافے کے بعد ایئرلائنز نے فضائی کرایوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔
ایئرلائن ذرائع کے مطابق کراچی سے لاہور، اسلام آباد اور دیگر شہروں کے لیے کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ڈومیسٹک پروازوں پر 2 ہزار 800 سے 5 ہزار روپے فی ٹکٹ تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی میں بلز کی منظوری، حکومتی اتحادی جماعتیں آمنے سامنے آ گئیں
اس کے علاوہ بین الاقوامی کرایوں میں 10 ہزار سے 28 ہزار روپے تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پاکستان سے مشرق وسطیٰ اور وسط ایشیائی ممالک کے لیے 15 ہزار روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان سے ٹورنٹو اور مانچسٹر کی پروازوں پر 28 ہزار روپے تک فی ٹکٹ اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ٹورنٹو اور مانچسٹر کی اکانومی کلاس کا یک طرفہ کرایہ ڈھائی لاکھ روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان میں طیاروں کے جیٹ فیول کی قیمت میں 154 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے جس کے بعد نئی قیمت 342 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے ۔