اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس میں جدید ترین مانیٹرنگ نظام شکرا کا افتتاح کر دیا۔
وزیر داخلہ نے ڈائریکٹوریٹ کا دورہ کیا اور اس موقع پر اس جدید مانیٹرنگ نظام کا افتتاح کیا۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس میں 24 گھنٹے فعال مانیٹرنگ روم اور کال سینٹر بھی کام کر رہا ہے، جبکہ وزیر داخلہ کی ہدایت پر ایمرجنسی ٹریول ڈاکومنٹ کے نظام کو بھی ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے۔
قائمہ کمیٹی ہاؤسنگ کے اجلاس میں وزیر اور سیکریٹری کی عدم شرکت پر ارکان کا اظہار برہمی
وزیر داخلہ محسن نقوی کو سیکوئر ہائبریڈ انٹیلیجنس فار نالج بینڈ ریسپونس انالیٹکس سسٹم پر بریفنگ دی گئی، اور انہوں نے ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
نئے نظام کے ذریعے پاسپورٹ درخواستوں اور ڈیلیوری کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہو گی، اور وزیر داخلہ نے کہا کہ پاسپورٹ کے اپلائی ہونے سے ڈیلیوری تک ہر مرحلے پر نگرانی کی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقصد شہریوں کو عالمی معیار کی تیز رفتار اور محفوظ خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے اور مانیٹرنگ کے جدید نظام سے محکمہ پاسپورٹس کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ کے سیکیورٹی فیچرز کو آئی سی اے او اسٹینڈرڈز کے مطابق بنایا گیا ہے اور جدید آٹومیٹک جرمن مشینوں سے محکمے کی استعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آٹومیٹک مشینوں کے ذریعے پاسپورٹ پرنٹنگ کے عمل میں انسانی مداخلت مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے اور نئے مانیٹرنگ سسٹم کے تحت پاسپورٹ دفاتر میں رش کی خودکار نشاندہی بھی ممکن ہو گی۔