Gas Leakage Web ad 1

دہشت گردوں کے لیے نرم گوشہ ملکی مفاد کے خلاف ہے، فتنہ انگیزی پھیلانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، عطا اللہ تارڑ

دہشت گردوں کے لیے نرم گوشہ ملکی مفاد کے خلاف ہے، فتنہ انگیزی پھیلانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، عطا اللہ تارڑ

0

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ اینڈ کری ایٹرز (پی ایف یو سی) کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دہشت گردوں کے لیے کسی بھی قسم کا نرم گوشہ رکھنا ملکی مفاد کے منافی ہے اور ریاست ٹی ٹی پی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی بیانیے کے خلاف شر انگیزی پھیلانے والوں اور سکیورٹی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وفاقی وزیر نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں بھارت کو ملنے والی شکست کے زخم وہ آج بھی چاٹ رہا ہے، جبکہ ملکی سلامتی کے لیے ہمارے جوان روزانہ اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔

Gas Leakage Web ad 2

صنعتی ترقی کے لیے مارکیٹوں میں مسابقت اور پیداواری صلاحیت کا فروغ ناگزیر ہے، معاشی ماہرین

عطا اللہ تارڑ نے تحریک انصاف کی سیاست پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک میں انتشار، گالی اور بدتمیزی کے کلچر کو فروغ دیا ہے اور ان کی تمام تر توجہ دہشت گردوں کی پشت پناہی پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی کارکردگی صفر ہے، وہاں کے ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی حالت ابتر ہے یہاں تک کہ صوبائی وزراء بھی اپنا علاج پنجاب کے ہسپتالوں میں کروانے پر مجبور ہیں۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی انتشار کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتی لیکن دہشت گردی جیسے سنگین مسئلے پر دوٹوک موقف اختیار کرنے سے کتراتی ہے، حالانکہ دہشت گردی کے معاملے پر ابہام پیدا کرنا براہِ راست دشمن کو فائدہ پہنچانے کے مترادف ہے۔

صحافت اور آزادی اظہارِ رائے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت صحافیوں کے مسائل حل کرنے اور ان کے روزگار کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے کیونکہ ایک مضبوط جمہوری معاشرے میں صحافیوں کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ حکومت آزادی اظہار پر یقین رکھتی ہے لیکن اس کی آڑ میں ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ عطا اللہ تارڑ نے ڈیجیٹل میڈیا کے لیے باضابطہ پالیسی سازی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موبائل فون رکھنے والا ہر شخص خود کو تجزیہ کار سمجھنے لگا ہے جس سے پیشہ ورانہ صحافت متاثر ہو رہی ہے، اس لیے پیکا قانون کے تحت تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایک متوازن ریگولیٹری نظام وضع کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے میڈیا اداروں کے مالی مسائل کے حل کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت کا چارج سنبھالتے ہی ڈیڑھ ارب روپے کے بقایاجات کلیئر کیے گئے تاکہ اس کا فائدہ براہِ راست کارکنوں تک پہنچ سکے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت یو این ڈی پی اور آئی بی اے کراچی کے تعاون سے صحافیوں کے لیے عالمی سطح کے تربیتی پروگرامز اور اسکالرشپس فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی کوششوں سے ملکی معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے اور اہم عالمی دفاعی و معاشی معاہدے طے پا رہے ہیں، جو پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ہیں۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.