لاہور: پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی سربراہی میں ستھرا پنجاب اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے لوکل گورنمنٹ نے ستھرا پنجاب اتھارٹی بل 2025 منظور کر لیا ہے۔
سینیٹ نے تولیدی صحت کو نصاب کا حصہ بنانے کا بل منظور کرلیا
بل کے مطابق ستھرا پنجاب اتھارٹی ایک بااختیار کارپوریٹ ادارہ ہوگی، جس کی چیئرمین وزیراعلیٰ اور وائس چیئرمین وزیر بلدیات ہوں گے۔ مختلف محکموں کے سیکرٹریز اور تمام ڈویژنل کمشنرز اتھارٹی کے ممبران ہوں گے۔
اتھارٹی ویسٹ مینجمنٹ کے لیے پالیسیاں، قوانین اور معیارات مقرر کرے گی اور لینڈفل سائٹس کی تعمیر بھی کرے گی۔
ڈپٹی کمشنر ستھرا پنجاب ڈسٹرکٹ اتھارٹی کا چیئرمین ہوگا۔ ڈسٹرکٹ اتھارٹی کو لائسنسنگ، رجسٹریشن اور فیس وصولی کا اختیار حاصل ہوگا۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ اتھارٹی ویسٹ مینجمنٹ انسپکٹرز کی تقرری بھی کرے گی، جبکہ دیہی علاقوں میں صفائی اور حفظان صحت کی بہتری اتھارٹی کی ذمہ داری ہوگی۔
اتھارٹی اپنی خدمات کے لیے فیس بھی مقرر کر سکے گی۔ ستھرا پنجاب اتھارٹی کے فیصلوں کو براہ راست عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکے گا۔