سکھ یاتریوں کی گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں عقیدت بھری حاضری، پاکستانی انتظامات پر اظہارِ اطمینان

0

متروکہ وقف املاک بورڈ اور وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیرِ انتظام بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں بھارت سے 10 روزہ مذہبی یاترا پر آئے تقریباً دو ہزار سکھ یاتریوں کی گوروارہ ڈیرہ صاحب لاہور حاضری عقیدت و احترام کے ساتھ مذہبی رسومات ادا کیں،سکھ یاتریوں نے لاہور میں گردوارہ سنگھ سنگھنیا، گردوارہ چھٹی پادشاہی، گردوارہ گورو رام داس اور دیال سنگھ لائبریری کا بھی دورہ کیا اور دربار میاں میرؒ پر حاضری دی ،انارکلی بازار میں شاپنگ سے بھی لطف اندوز ہوئے۔
بھارتی سکھ یاتریوں نے متروکہ وقف املاک بورڈ اور ضلعی حکومت کے شاندارانتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہمیں اپنے گھر جیسا پیار اور سکون ملا ہے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ نے ہمارے گوردوارے محبت، خلوص اور احترام کے ساتھ محفوظ رکھے گئے ہیں۔ عوام کے خلوص نے ہمیں انسانیت کا اصل پیغام یاد دلا دیا ہے۔

ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق کے مطابق یاتریوں کے لیے قیام و طعام، ٹرانسپورٹ اور میڈیکل سہولیات کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ ریسکیو 1122 اور متروکہ وقف املاک بورڈ کی میڈیکل ٹیمیں یاتریوں کے ساتھ موجود ہیں۔ لوڈ شیڈنگ کی صورت میں الیکٹرک جنریٹرز فراہم کیے گئے ہیں جبکہ رہائش کے لیے خوبصورت مارکیوں اور کمروں میں نئے، صاف ستھرے بستر مہیا کیے گئے ہیں۔گردوارہ ڈیرہ صاحب کو خوبصورت روشنیوں سے سجایا گیا ہے، اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات بھی کیے گئے ہیں
سکھ یاتری اپنا 10 روزہ مذہبی دورہ مکمل کرنے کے بعد 13 نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت واپس روانہ ہوں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.