راولپنڈی سیف اینڈ اسمارٹ ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کر دیا گیا

راولپنڈی سیف اینڈ اسمارٹ ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کر دیا گیا

0

راولپنڈی میں وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے جدید ’’سیف اینڈ اسمارٹ ریلوے اسٹیشن‘‘ کا افتتاح کر دیا۔ ایف بلو واو کے تعاون سے نصب اس نظام میں 143 جدید کیمرے شامل ہیں، جو اسٹیشن، اطراف کے علاقوں اور ریزرویشن آفس کی فول پروف نگرانی یقینی بنائیں گے۔

لاہور سے جدہ جانیوالی پی آئی اے کی پرواز پرندہ ٹکرانے کے بعد کراچی میں اتار لی گئی
تقریب کے دوران وزیرِ ریلوے نے سی آئی پی لاؤنج اور نئے ویٹنگ ایریا کا بھی افتتاح کیا۔ راولپنڈی پاکستان کا پہلا اسٹیشن بن گیا ہے جہاں جدید مانیٹرنگ سسٹم فعال کیا گیا ہے۔ اس نظام سے اسٹیشن کے عملے کی کارکردگی کی مؤثر نگرانی بھی ممکن ہوگی۔

ملک کے بڑے ریلوے اسٹیشنز پر جدید سی آئی پی لاؤنجز کی تعمیر جاری ہے، جن میں مسافروں کے لیے چائے، ریفریشمنٹ، خواتین اور فیملیز کے لیے علیحدہ ویٹنگ ایریاز، مفت وائی فائی اور اے ٹی ایم مشینوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

وزیرِ ریلوے نے بتایا کہ پرانی بوگیوں کی جگہ ریفربشڈ ریکس لگائی جا رہی ہیں۔ لاہور تا راولپنڈی چلنے والی تین ریل کاروں کی ریکس تبدیل ہو چکی ہیں جبکہ چوتھی 15 نومبر کو تبدیل کی جائے گی۔ ریل کارز میں مسافروں کو لازمی اسنیکس فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ سفر کو مزید آرام دہ بنایا جا سکے۔

فیصل آباد ریلوے اسٹیشن کی اپ گریڈیشن مکمل ہو چکی ہے اور اس کا افتتاح دو روز قبل کیا گیا، جبکہ کراچی کینٹ اسٹیشن میں لاہور سے بھی زیادہ جدید سہولیات تیار کی جا رہی ہیں۔

وزیرِ ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلوے ایک جدید، محفوظ اور مسافر دوست نظام کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق آر ڈی ایم سی کے اشتراک سے 884 کلومیٹر طویل روہڑی تا نوکُنڈی ٹریک اپ گریڈ کیا جائے گا، جس کے تحت 400 کلومیٹر نیا ٹریک بچھایا جائے گا۔ یہ منصوبہ وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی سے مکمل کیا جا رہا ہے اور اس سے مسافروں اور فریٹ دونوں کے لیے سفری سہولیات میں انقلابی بہتری آئے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.