اسلام آباد میں تحریک انصاف کے وفد نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ ملکی، سیاسی اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بہتری کے لیے پی ٹی آئی کی جانب سے قومی جرگہ بلانے کی تجویز پر مولانا فضل الرحمان سے مشاورت بھی کی گئی۔
واٹس ایپ کا نیا فیچر جو صارفین کو درپیش ایک عام مسئلے کا بہترین حل ثابت ہوگا
مولانا فضل الرحمان نے قومی جرگہ کے انعقاد کی تجویز کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے وفد نے ان سے پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔ ملاقات کے دوران محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر کے طور پر نامزد کرنے پر اتفاق ہوا۔ پی ٹی آئی وفد نے خیبر پختونخوا اسمبلی سے سینیٹ کی خالی نشست پر جے یو آئی سے تعاون کی اپیل بھی کی۔
ملاقات میں پی ٹی آئی کی جانب سے سابق اسپیکر اسد قیصر، صوبائی صدر جنید اکبر اور شہرام ترکئی شامل تھے، جبکہ جے یو آئی کی نمائندگی مولانا صلاح الدین ایوبی، جلال الدین ایڈووکیٹ اور مولانا اسجد محمود نے کی۔
ملاقات کے اختتام پر مولانا فضل الرحمان نے تحریک انصاف کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔