اسلام آباد:
اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (IESCO) اور کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA) کے درمیان ایک دوستانہ کرکٹ میچ نیشنل کرکٹ گراؤنڈ ایف-7 اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ یہ میچ چیف ایگزیکٹو آئیسکو انجینئر چوہدری خالد محمود اور چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر منعقد کیا گیا۔
اس دوستانہ مقابلے میں دونوں اداروں کے افسران اور عملے نے بھرپور شرکت کی، جبکہ کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی، نظم و ضبط اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تقریب کو یادگار بنا دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آئیسکو انجینئر چوہدری خالد محمود نے کہا کہ یہ میچ محض ایک کھیل نہیں بلکہ ٹیم ورک، اسپورٹس مین اسپرٹ اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی مثبت اور صحت مندانہ سرگرمیاں نہ صرف ملازمین کے لیے خوشگوار ماحول پیدا کرتی ہیں بلکہ مختلف اداروں کے درمیان تعاون کو بھی فروغ دیتی ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، جنہوں نے سی ڈی اے کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا، نے اپنے خطاب میں پیشہ ورانہ زندگی میں کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل جسمانی فٹنس، نظم و ضبط، ٹیم ورک، برداشت اور باہمی تعاون کو فروغ دیتے ہیں، جس سے ملازمین اپنی ذمہ داریاں مزید بہتر انداز میں انجام دے سکتے ہیں۔
میچ کے دوران آئیسکو کے جنرل منیجر ٹیکنیکل محمد نعیم جان، بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان سید علی مرتضیٰ اور رانا عبد الستار، چیف فنانشل آفیسر رئیس حیدر، چیف انجینئر (ڈیویلپمنٹ) کامران آفتاب، چیف انجینئر (پلاننگ) اعجاز مخدوم اور دیگر سینئر و فیلڈ افسران بھی موجود تھے۔
شرکاء نے اس صحت مندانہ سرگرمی کے انعقاد پر دونوں اداروں کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس نوعیت کے پروگرامز کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ ملازمین میں باہمی روابط، ہم آہنگی اور کھیلوں کے فروغ کو مزید تقویت ملے۔