کون سے ڈیجیٹل بینک اکاؤنٹس بلاک کردیئے جائیں گے؟ صارفین کے لئے بڑی خبر

کون سے ڈیجیٹل بینک اکاؤنٹس بلاک کردیئے جائیں گے؟ صارفین کے لئے بڑی خبر

0

کراچی: بینک صارفین کے لیے اہم خبر سامنے آئی ہے کہ بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر موبائل والیٹس اور ڈیجیٹل بینک اکاؤنٹس بلاک کر دیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے نئے بائیو میٹرک تصدیقی ضوابط آج سے نافذ العمل ہو رہے ہیں، جس کے بعد لاکھوں شہریوں کے ڈیجیٹل بینک اکاؤنٹس اور والٹس بند ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بینک نے جولائی 2025 میں جاری کردہ BPRD سرکلر نمبر 1 کے ذریعے تمام بینکوں، مائیکروفنانس بینکوں، ڈیجیٹل بینکوں، ڈویلپمنٹ فنانس اداروں اور الیکٹرانک منی انسٹی ٹیوشنز کے لیے بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار دی تھی۔

نئے ضوابط کے تحت جن صارفین نے بائیو میٹرک تصدیق مکمل نہیں کی، ان کے اکاؤنٹس سے 25 اکتوبر کے بعد لین دین معطل ہو سکتا ہے۔ اس میں رقوم بھیجنے، وصول کرنے اور دیگر مالیاتی سہولیات پر پابندی شامل ہوگی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے لاکھوں صارفین متاثر ہو سکتے ہیں، جن میں غیر ملکی کرنسی کے اکاؤنٹس اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس بھی شامل ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق نیا "کنسولیڈیٹڈ کسٹمر آن بورڈنگ فریم ورک” اب انفرادی اور کارپوریٹ دونوں صارفین پر لاگو ہوگا، چاہے اکاؤنٹ برانچ کے ذریعے کھولا گیا ہو یا آن لائن۔

ان قواعد کا مقصد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف اقدامات کو مضبوط بنانا اور مالیاتی نظام میں شفافیت بڑھانا ہے۔

واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک نے تمام مالیاتی اداروں کو بائیو میٹرک تقاضوں پر عمل درآمد کے لیے تین ماہ کی مہلت دی تھی، تاہم ڈیڈ لائن میں کسی توسیع کا اعلان نہیں کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.