اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالتی احکامات کی مسلسل عدم تعمیل پر ایرا اور این ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر ایڈمن کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے محمد شہباز قیصر کی درخواست پر سماعت کے دوران یہ حکم جاری کیا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایرا کے این ڈی ایم اے میں انضمام کے بعد ملازمین کی سروس سے متعلق مسائل حل نہیں کیے جا رہے۔
نورجہاں کے گانے سننے والا شہری گرفتار
عدالت نے حکم نامے میں کہا کہ بار بار طلبی نوٹس کے باوجود ڈائریکٹر ایڈمن عدالت میں پیش نہیں ہو رہے، جو عدالتی احکامات کی دانستہ خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ اس لیے عدالت کے پاس وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں بچا۔
عدالت نے ڈی آئی جی پولیس اسلام آباد کو ہدایت دی کہ وارنٹ گرفتاری پر فوری عملدرآمد کرایا جائے، بصورتِ دیگر ڈی آئی جی خود عدالت میں پیش ہو کر وجوہات سے آگاہ کریں۔
کیس کی اگلی سماعت 28 اکتوبر کو مقرر کی گئی ہے۔