راولپنڈی اور اسلام آباد میں ڈینگی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14 نئے مریض رپورٹ ہوئے جس کے بعد رواں سیزن میں مجموعی تعداد 1177 تک پہنچ گئی ہے۔ مختلف اسپتالوں میں اس وقت پچاس سے زائد مریض زیر علاج ہیں جبکہ محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ علاقوں میں انسداد ڈینگی مہم جاری ہے۔
علی ترین کی پی سی بی پر شدید تنقید، لیگل نوٹس پھاڑ دیا
محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اس سیزن میں اب تک 18 ہزار سے زیادہ افراد کی اسکریننگ کی جا چکی ہے اور خوش قسمتی سے راولپنڈی میں کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ رواں سال کے دوران 59 لاکھ سے زائد عمارتوں کا معائنہ کیا گیا، جن میں سے ایک لاکھ 89 ہزار سے زیادہ گھروں میں ڈینگی لاروا پایا گیا، جب کہ تقریباً 26 ہزار مقامات کو ہاٹ اسپاٹ قرار دیا گیا ہے۔
ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 4630 مقدمات درج کیے گئے، 1882 مقامات کو سیل کیا گیا اور مجموعی طور پر ایک کروڑ 11 لاکھ روپے سے زیادہ کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں بھی انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے فیلڈ کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اب تک 2006 مقامات پر فوگنگ کی گئی ہے جبکہ 41 ہزار سے زیادہ مقامات کا معائنہ مکمل ہو چکا ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں 31 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں 16 دیہی اور 15 شہری علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
شہر کے مختلف اسپتالوں میں 61 مریض زیر علاج ہیں۔ لاروا کی نشاندہی کے دوران 402 مقامات پر پازیٹو لاروا ملا جبکہ تین مقامات پر نیگیٹو نتائج سامنے آئے۔ اس دوران 1009 گھروں میں اسپرے کیا گیا۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انسداد ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مختلف مقامات سیل کیے گئے اور متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ہائی رسک علاقوں میں فوگنگ اور مانیٹرنگ کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے اور ڈینگی مہم میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔