راولپنڈی کے علاقے گوالمنڈی میں شہری کو برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزمان کے خلاف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم جنید عرف جیدا سمیت چھ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
خواجہ سراؤں کے نام پر فراڈ، میڈیکل ٹیسٹ میں سب مرد نکلے
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر تھانہ سٹی پولیس نے رات بھر گوالمنڈی میں کریک ڈاؤن کیا اور ویڈیو میں شناخت ہونے والے ملزمان کو حراست میں لیا۔ ترجمان نے بتایا کہ واقعے پر ابتدا میں کسی شہری نے شکایت درج نہیں کرائی تھی، تاہم ویڈیو سامنے آنے پر پولیس نے خود مدعیت میں مقدمہ درج کیا اور کارروائی شروع کی۔
سی پی او نے کہا کہ تشدد میں ملوث کوئی بھی شخص قانون سے بچ نہیں سکے گا۔ ان کے مطابق شہریوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملزمان کو سخت قانونی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار افراد میں مرکزی ملزم جنید عرف جیدا، روحیل، یاسر خان، فیصل مسیح اور ثمر عباس شامل ہیں، جبکہ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔