وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے ایک خصوصی اجلاس میں صوبے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹ، تعمیرات، توانائی کے تحفظ اور شہری خوبصورتی کے منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے کے 38 ٹول پلازوں پر موٹروے کی طرز پر “ون ایپ، ون سسٹم” متعارف کرایا جائے گا تاکہ عوام کو زیادہ سہولت اور سفر میں شفافیت کے ساتھ تیزی میسر ہو۔ اجلاس میں پانچ بڑی سڑکوں کی تعمیر، مرمت اور بحالی کے منصوبوں کے لیے پبلک پرائیویٹ شراکت داری کی منظوری دی گئی، جن میں نجی ادارے حکومت کے ساتھ اشتراک سے کام کریں گے۔ اس اقدام سے اخراجات میں کمی اور کام کی رفتار میں بہتری کی توقع ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں اڈیالہ جیل کے قیدی کی بانی پی ٹی آئی جیسی سہولیات کے لیے درخواست
اجلاس میں بتایا گیا کہ ای ٹینڈرنگ کے ذریعے صوبے میں 40 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ نئی بننے والی تمام سڑکوں پر سولر اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں تاکہ توانائی کی بچت اور ماحول دوست نظام کو فروغ دیا جا سکے۔
اجلاس میں لاہور کی خوبصورتی کے لیے متعدد منصوبوں کی منظوری دی گئی، جن میں ریلوے اسٹیشن، داتا دربار، مصری شاہ، ایک موریہ اور دو موریہ پل کی تزئین و آرائش اور ری ویمپنگ شامل ہیں۔ ریلوے اسٹیشن کے سامنے پارک میں فوارہ اور بچوں کے لیے منی ٹرین چلانے کا منصوبہ بھی منظور کیا گیا۔ اس کے علاوہ اسٹیشن کے اردگرد تین کلومیٹر کے دائرے میں نئی سڑکیں اور فٹ پاتھ بھی تعمیر کیے جائیں گے۔
سی اینڈ ڈبلیو اور ایل ڈی اے کے جاری منصوبوں پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ کے مطابق حالیہ سیلاب سے متاثرہ 54 بڑے پل، 142 چھوٹے پل اور 858 سڑکیں مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں۔ ملتان-وہاڑی روڈ، جو 93 کلومیٹر طویل ہے، پنجاب کی پہلی ڈسٹ فری سڑک بنے گی اور اسے جون 2026 تک مکمل کیا جائے گا۔ اسی طرح قائداعظم انٹرچینج سے واہگہ بارڈر تک ٹورازم کوریڈور بھی اگلے سال جون تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
پنجاب بھر میں 5251 کلومیٹر طویل سڑکوں کے 2341 منصوبے دسمبر 2025 میں شروع ہوں گے، جنہیں جون 2026 تک مکمل کیا جائے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مری کی تمام سڑکوں، چکوال اور ساہیوال کی بیشتر سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل ہو چکی ہے، جبکہ “سی ایم پنجاب انیشی ایٹیو” کے تحت 10 ہزار کلومیٹر طویل سڑکوں کے منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔