اڈیالہ جیل میں قید ایک مجرم نے بانی پاکستان تحریک انصاف کو دی جانے والی سہولیات اپنے لیے بھی فراہم کرنے کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کر دی ہے۔
یہ درخواست مجرم محمد عرفان کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جو دفعہ 302 کے تحت قتل کے مقدمے میں 25 سال قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اس نے متعدد بار سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو سپیریئر کلاس کی سہولیات دینے کی درخواست دی، مگر ہر بار اسے مسترد کر دیا گیا۔
سندھ میں ایک ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو اعلیٰ معیار کی رہائش، سہولیات اور ملاقاتوں کی خصوصی اجازت حاصل ہے، جبکہ اسی نوعیت کی سہولیات دیگر قیدیوں کو فراہم نہیں کی جاتیں۔
محمد عرفان نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ آئین کے تحت مساوی سلوک کے اصول پر عمل کرتے ہوئے اسے بھی وہی سہولیات فراہم کی جائیں جو بانی پی ٹی آئی کو دی جا رہی ہیں۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ جیل کے قوانین تمام قیدیوں کے لیے برابر ہیں، تاہم اس پر امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔ عدالت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ متعلقہ حکام کو تمام قیدیوں کو مساوی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔