اسلام آباد:
وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ رابطہ عالم اسلامی مسلم اُمہ کے اتحاد، دانائی اور رہنمائی کی علامت ہے۔ مسلم ورلڈ لیگ ہمیشہ اعتدال، مکالمے اور باہمی تعاون کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرتی رہی ہے۔
انہوں نے یہ بات سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر نے معزز مہمان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور اتحاد، بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانی تعاون کے فروغ کے لیے رابطہ عالم اسلامی کے کردار کو سراہا۔
چائے ہڈیوں کی صحت کیلئے مفید ہوتی ہے یا نہیں؟
وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی کی پاکستان آمد مشترکہ مقاصد کے لیے عزمِ نو کی تجدید ہے۔ امن، مفاہمت اور انسانی خدمت کے فروغ میں مسلم ورلڈ لیگ کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے کہا کہ وہ پاکستان آ کر بے حد خوش ہیں اور یہاں کی مہمان نوازی پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے امت مسلمہ کے اتحاد کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔
عشائیے میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، مسلم لیگ (ن) کے صدر راجہ ظفر الحق، وزیر مواصلات علیم خان سمیت متعدد سیاسی اور مذہبی شخصیات شریک ہوئیں۔
اس تقریب میں سینیٹر حافظ عبدالکریم، وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل، حافظ طاہر اشرفی، شاہ اویس نورانی، مولانا فضل الرحمٰن خلیل اور کئی ممالک کے سفرا بھی موجود تھے۔
اس سے قبل مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسی نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات بھی کی۔