وزیر اعلیٰ کے پی کیلئے ن لیگ اور جے یو آئی نے امیدوار فائنل کرلیے، متفقہ امیدوار کیلئے کوششیں جاری

0

پشاور: خیبر پختونخوا میں وزارتِ اعلیٰ کے انتخاب کے لیے اپوزیشن جماعتوں نے اپنے امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا فیصلہ کر لیا۔

 

ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے درمیان متفقہ امیدوار پر مشاورت جاری ہے تاہم ابھی تک کسی ایک نام پر اتفاق نہیں ہو سکا۔ مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے اپنے اپنے امیدوار فائنل کر لیے ہیں۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی (ف) کی جانب سے اکرم خان درانی یا مولانا لطف الرحمان کو امیدوار نامزد کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے ڈاکٹر عباداللہ مضبوط امیدوار ہیں۔

 

جے یو آئی (ف) کے صوبائی امیر مولانا عطا الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں وزارتِ اعلیٰ کے انتخاب کے لیے اپنے امیدوار لائیں گی، کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانا آئینی و قانونی حق ہے، تاہم متفقہ امیدوار پر مشاورتی عمل جاری ہے۔

 

دوسری جانب کے پی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ خان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے امیدوار کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائیں گی اور وزارتِ اعلیٰ کے لیے مشترکہ امیدوار لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

 

واضح رہے کہ چند روز قبل عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو وزارتِ اعلیٰ سے ہٹانے کا حکم دیا تھا اور ان کی جگہ سہیل آفریدی کو نیا وزیرِ اعلیٰ نامزد کیا تھا، جس کے بعد علی امین گنڈاپور نے استعفیٰ دے دیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.