بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت دہشت گردوں کی ہر فورم پر حامی رہی ہے، عطا تارڑ

0

 

اسلام آباد:
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت ہمیشہ سے دہشت گردوں کے حامی رہے ہیں۔

پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف بہادری سے مقابلہ کیا، جبکہ کچھ افراد خیبر پختونخوا میں امن کے قیام میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریکِ انتشار ایک ایسی جماعت ہے جسے شہدا کی قربانیوں اور ملکی سالمیت کی کوئی پرواہ نہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے الزام لگایا کہ اس جماعت کا مقصد کے پی میں تقسیم پیدا کرنا، حالات خراب کرنا اور دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنا رہا ہے۔ ان کے بقول عمران خان اور ان کی جماعت بین الاقوامی سطح پر دہشت گردوں کے سہولت کار ثابت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی نسلوں کی قربانیاں دی ہیں اور اے پی ایس سمیت متعدد واقعات کے شہداء کو بھلایا نہیں جا سکتا۔ خضدار اور دیگر مقامات پر بچوں کی شہادتوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک والد نے اپنے تین شہداء بچوں کے باوجود کہا تھا کہ اس کی جان بھی وطن کے لیے پیش ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور افواجِ پاکستان کے جوان، سویلینز، دکاندار، ڈاکٹرز، انجینئرز اور بچوں سمیت معاشرے کے ہر طبقے نے اس جدوجہد میں حصہ لیا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پوری قوم اس مقصد کے لیے متحد ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ پاک فوج اور عوام کی قربانیاں فراموش نہیں کی جا سکتیں۔

عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ آپریشن رد الفساد اور آپریشن ضربِ عضب کے نتیجے میں دہشت گردی پر قابو پایا گیا، بازاروں اور کھیل کے میدان پھر سے آباد ہوئے، اور ملک میں امن و استحکام کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.