لاہور: تاریخی کانا کاچھا ریلوے اسٹیشن ویرانی اور خستہ حالی کے باعث کھنڈرات میں تبدیل

0

 

 

کانا کاچھا: شہر سے تقریباً 20 سے 25 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تاریخی کانا کاچھا ریلوے اسٹیشن ویرانی اور خستہ حالی کے باعث کھنڈرات میں تبدیل ہو چکا ہے۔

 

100 سال سے زائد پرانا یہ اسٹیشن اب کسی بھوت بنگلے کا منظر پیش کر رہا ہے۔ ماضی میں یہ اسٹیشن مسافروں سے آباد رہتا تھا، جہاں سے ملک کے مختلف حصوں کے لیے درجنوں ٹرینیں چلا کرتی تھیں۔ لوگ اپنے مال مویشی، زرعی اجناس اور پھل فروٹ سمیت مختلف اشیا کے ساتھ سفر کرتے تھے، اور رش اتنا ہوتا تھا کہ مسافروں کو ٹرینوں کی چھتوں پر بیٹھ کر سفر کرنا پڑتا تھا۔

 

وقت گزرنے کے ساتھ اسٹیشن کی رونقیں ختم ہو گئیں، اور آج یہ عمارت ٹوٹی پھوٹی حالت میں موجود ہے۔ دروازے اور کھڑکیاں غائب ہیں، اسٹیشن ماسٹر کے کمرے اور انتظار گاہوں میں نشئیوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، جبکہ وی آئی پی لاؤنج بند اور زنگ آلود ہو چکا ہے۔

 

مقامی افراد کے مطابق ماضی میں اسٹیشن کے قریب سینما، سبزی منڈی اور دودھ فروشوں کی سرگرمیاں ہوا کرتی تھیں، جہاں سے دودھ لاہور سمیت دیگر شہروں کو بھیجا جاتا تھا۔ اب اسٹیشن کے اطراف قبضے ہو چکے ہیں، گوالوں نے بھینسیں باندھ رکھی ہیں، اور عمارت پر جھاڑیاں اگ آئی ہیں۔

 

علاقہ مکین بابا سراج اور بابا اسحاق نے بتایا کہ وہ اپنے بچپن میں اس اسٹیشن سے ایک آنہ یا ایک روپے میں سفر کیا کرتے تھے، مگر اب یہاں صرف ویرانی باقی ہے۔

 

ریلوے انتظامیہ کے مطابق اسٹیشن کو مسافروں کی کمی کے باعث بند کیا گیا تھا، تاہم اگر مستقبل میں آمد و رفت بڑھی تو اسے دوبارہ فعال کیا جا سکتا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر اسٹیشن کو بحال کر دیا جائے تو عوام کو سفری سہولت کے ساتھ ساتھ تاجروں اور دودھ فروشوں کو بھی نقل و حمل میں آسانی حاصل ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.