سندھ حکومت نے خواتین کے لیے مفت الیکٹرک سکوٹی اسکیم کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے اہلیت کا معیار اور درخواست دینے کا طریقہ کار جاری کردیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد صوبے میں خواتین کی سفری مشکلات کو کم کرنا اور انہیں بااختیار بنانا ہے۔
اعلان کے مطابق درخواست گزار سندھ کی مستقل شہری ہونی چاہیے، طالبہ یا ملازمت پیشہ خاتون ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے اور ساتھ ہی مصدقہ ڈرائیونگ لائسنس کا ہونا بھی ضروری ہے۔ قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہونے والی خواتین سات سال تک سکوٹی فروخت نہیں کرسکیں گی۔
سکوٹیز کی تقسیم قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگی اور اس عمل کی شفافیت کے لیے ایک کمیٹی قائم کی جائے گی جس میں ایکسائز، ٹرانسپورٹ، فنانس ڈپارٹمنٹس اور میڈیا کے نمائندے شامل ہوں گے۔ منتخب امیدواروں کو سڑک پر حفاظت کے حوالے سے مہارت کا امتحان بھی دینا ہوگا۔
درخواست دینے کے لیے آفیشل ویب سائٹ پر جا کر فارم پُر کیا جائے گا، مطلوبہ دستاویزات منسلک کر کے جمع کرائی جائیں گی۔