چوہدری انوارالحق کا اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کو خراجِ تحسین

0

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کو جاندار انداز میں اجاگر کرنے پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے اپنے خطاب میں کشمیری عوام کی حقیقی ترجمانی کی، جس سے نہ صرف تحریکِ آزادی کشمیر کو نئی جِلا ملی بلکہ شہداء کشمیر کے وارثوں کی امنگیں بھی جاگ گئیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے خطاب کو جامع، مدلل اور باوقار قرار دیا اور کہا کہ شہباز شریف نے بین الاقوامی امور، مسلم امہ کے مسائل، اور فلسطین پر اسرائیلی مظالم پر واضح اور مؤثر مؤقف اپنایا۔ انہوں نے بنیان المرصوص مشقوں میں پاکستان کی شاندار کارکردگی کو اجاگر کرنے پر بھی وزیراعظم کی تعریف کی۔

چوہدری انوارالحق نے کہا کہ شہباز شریف نے دنیا کو پاکستان میں "فتنہ الہندوستان” کی تخریبی سرگرمیوں اور خوارج کے فتنے سے آگاہ کیا، اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی تقریر سے دنیا پاکستان کی پرامن خارجہ پالیسی سے واقف ہوئی، اور وہ ایک مدبر اور سٹیٹسمین کے طور پر عالمی سطح پر سامنے آئے۔

 

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابیوں سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور سیاسی و عسکری ہم آہنگی کے ذریعے پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.