
وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایکس پر جاری پیغام میں سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اقتدار کے بعد خطے اور دنیا میں کئی اہم واقعات پیش آئے جن میں غزہ پر اسرائیلی مظالم، پاک بھارت جنگ میں تاریخی فتح، دہشتگردی کے خلاف جنگ، ہولناک سیلاب اور اب قطر پر اسرائیل کا حملہ شامل ہیں، لیکن ان سب پر بانی کے کسی ردعمل یا اظہار پر خاموشی نظر آئی۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ بانی تحریک انصاف کی جانب سے صرف ذاتی مشکلات، قید تنہائی، ورزش کے سامان، ملاقاتوں کی پابندی اور دیگر شکایات ہی سننے کو ملتی ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اگر واقعی امت مسلمہ کی قیادت کا دعویٰ ہے تو کم از کم فلسطین، سیلاب یا شہداء کے حوالے سے اظہار ہمدردی یا دعائیہ کلمات ہی ادا کر دیے جائیں، اور اگر کوئی قائدانہ صلاحیت موجود ہے تو اسے قوم کے مسائل پر بات کر کے ظاہر کیا جائے۔
