مون سون ایمرجنسی: این ڈی ایم اے کی خیبرپختونخوا میں امدادی سرگرمیوں میں معاونت، شمالی علاقوں میں سیاحتی پابندیوں کی ہدایت

0

ملک کے شمالی اور مغربی علاقوں میں شدید مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی ایک ٹیم پشاور پہنچ گئی ہے تاکہ خیبرپختونخوا حکومت اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ساتھ مل کر امدادی کاموں کی نگرانی اور ہم آہنگی کو مؤثر بنایا جا سکے۔

یہ دورہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایات پر کیا گیا ہے، جو اس بات کا مظہر ہے کہ وفاقی حکومت ملک بھر میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور طریقے سے ادا کر رہی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ شدید بارشوں، طوفانی سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں خیبرپختونخوا میں 214 افراد جاں بحق، 21 زخمی جبکہ 55 افراد لاپتہ ہو چکے ہیں۔ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشنز جاری ہیں۔

پاکستان آرمی، پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور مقامی رضاکاروں کے ساتھ قریبی رابطے میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ این ڈی ایم اے متاثرہ علاقوں کو امدادی سامان کی فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے اور تمام سول و عسکری اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔

دوسری جانب این ڈی ایم اے نے شمالی اور پہاڑی علاقوں میں سیاحتی سرگرمیوں پر فوری پابندی عائد کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ جاری ایڈوائزری میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پہاڑی اور قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں کا سفر نہ کریں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان پابندیوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

حکومت کی جانب سے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 کے نفاذ کی تجویز بھی دی گئی ہے تاکہ عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

گلگت بلتستان اور شمالی علاقوں میں شدید بارشوں سے ٹرانسپورٹ نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ گانچھے میں سومرو پل، اسکردو میں سالتورو اور باغیچہ پل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ جگلوٹ–اسکردو روڈ مکمل طور پر بند ہے، جب کہ غذر کے علاقوں دیان، تھلی باروق، اور کلتی میں سڑکیں بند ہیں۔ گلگت، نگر، گوجال اور بابو سر ٹاپ کے راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ اگر بارشوں کا سلسلہ جاری رہا تو مزید لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، خاص طور پر تورغر، بٹگرام، شانگلہ، لوئر کوہستان، تتہ پانی، گلگت، ہنزہ اور سوات میں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مستند ذرائع سے موسمی حالات پر نظر رکھیں۔

این ڈی ایم اے کے چیئرمین نے گزشتہ شب وزیر اعظم کو مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی، اور ادارے کی جانب سے جاری 24 گھنٹے کی مانیٹرنگ اور امدادی اقدامات کی تفصیلات پیش کیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.