انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل کوٹ لکھپت جیل میں محفوظ شدہ فیصلہ سنائیں گے، جو ملزمان کے وکلاء کی حتمی بحث کے بعد محفوظ کیا گیا تھا۔
یہ فیصلہ جناح ہاؤس کے قریب راحت بیکری چوک میں پولیس کی گاڑی جلانے اور تھانہ شادمان کو نذرِ آتش کرنے کے مقدمات میں سنایا جائے گا۔ ان کیسز میں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید، عالیہ حمزہ، صنم جاوید اور عائشہ علی بھٹہ سمیت متعدد افراد نامزد ہیں۔
راحت بیکری چوک میں پولیس کی گاڑی جلانے کے کیس میں ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت 16 ملزمان جبکہ تھانہ شادمان کیس میں 25 ملزمان کا ٹرائل مکمل ہوا۔ ملزمان کے وکلاء نے دلائل دیتے ہوئے عدالت سے ان کے مؤکلوں کو بری کرنے کی استدعا کی۔
دوسری جانب سرکاری وکیل نیئر نوید نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمات میں ریاست کے خلاف جنگ اور بغاوت کی دفعات شامل ہیں، اور 9 مئی کے واقعات کی سازش 7 مئی کو زمان پارک میں کی گئی تھی۔
گواہوں کے مطابق، راحت بیکری چوک میں انسپکٹر مجاہد حسین اور دیگر اہلکاروں کی گاڑی کو نذر آتش کیا گیا، گاڑی میں موجود اینٹی رائٹ سامان بھی جلا دیا گیا، جبکہ مشتعل کارکنوں نے اہلکاروں پر تشدد کر کے زخمی کیا اور پولیس سے ایس ایم جی رائفل چھین کر فرار ہو گئے۔