پاکستان سینٹر فار فلانتھراپی (PCP) نے چیریٹیز ایڈ فاؤنڈیشن (CAF) برطانیہ کے تعاون سے جاری کردہ رپورٹ "ورلڈ گیونگ انڈیکس 2025” کے نتائج شائع کر دیے ہیں، جو دنیا بھر میں سخاوت کے رجحانات کی بنیاد پر ممالک کی درجہ بندی کرتی ہے۔

رپورٹ میں سخاوت کے تین اہم اشاریوں — اجنبیوں کی مدد کرنا، مالی عطیات دینا، اور رضاکارانہ وقت دینا — کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ خوش آئند طور پر، پاکستان نے تینوں شعبوں میں قابلِ ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اور خاص طور پر انفرادی مالی عطیات کے میدان میں نمایاں بہتری کے ساتھ دنیا بھر میں 17ویں نمبر پر آ گیا۔
PCP کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر شازیہ مقصود امجد نے اس پیش رفت کو پاکستان کے لیے ایک فخر کا لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ درجہ بندی پاکستانی معاشرے میں ہمدردی، یکجہتی اور اجتماعی ذمہ داری کے مضبوط کلچر کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشی مشکلات اور چیلنجز کے باوجود پاکستانی عوام نہ صرف مالی عطیات دینے میں پیش پیش ہیں، بلکہ وہ رضاکارانہ وقت دے کر بھی معاشرے کے کمزور طبقے کی مدد میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی یہ بلند درجہ بندی ملک کی مذہبی، ثقافتی اور سماجی اقدار کی مرہون منت ہے، جن میں زکوٰۃ، صدقہ، یکجہتی، رضاکارانہ خدمت اور دوسروں کے لیے ہمدردی جیسے عناصر نمایاں ہیں۔ یہ تمام عوامل پاکستان کو دنیا کے سب سے زیادہ سخی ممالک میں شامل کرنے میں مددگار ثابت ہوئے ہیں۔
