پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے واضح کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بچے پاکستان ضرور آئیں گے، اور اس حوالے سے کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔

اپنے ایک بیان میں شیخ وقاص نے کہا کہ بچوں کے پاکستان آمد کی تاریخ کا تعین تاحال باقی ہے، تاہم یہ فیصلہ بانی پی ٹی آئی کے بچوں نے خود کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب بچوں نے پاکستان آنے کا فیصلہ کیا تو انہوں نے اپنے والد کو صاف الفاظ میں کہا کہ وہ اجازت نہیں لے رہے بلکہ صرف اطلاع دے رہے ہیں۔
شیخ وقاص نے زور دیا کہ بانی پی ٹی آئی کے بچوں کے حوالے سے جاری پروپیگنڈا بے بنیاد ہے اور اس کا کوئی فائدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو پاکستان آنے سے روکنے کی خبریں سراسر غلط ہیں اور حقیقت کے برعکس ہیں۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے اپنے بچوں کو پاکستان آنے سے کبھی منع نہیں کیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بعض ذرائع سے یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے بیٹوں قاسم اور سلیمان کو پاکستان آنے سے روک دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں بیٹے اپنے والد کی رہائی کے لیے پاکستان آ کر تحریک چلانا چاہتے تھے، تاہم عمران خان نے مبینہ طور پر انہیں ایسا نہ کرنے کا مشورہ دیا۔
