اسلام آباد: امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کوریلا کو پاکستان اور امریکا کے مابین عسکری تعاون کے فروغ میں ان کی نمایاں خدمات پر نشانِ امتیاز (ملٹری) عطا کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ اعلیٰ فوجی اعزاز صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے ایوانِ صدر میں ایک باوقار تقریب کے دوران جنرل کوریلا کو پیش کیا۔ تقریب میں تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے مہمان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل کوریلا کی قیادت نے پاکستان اور امریکہ کے مابین دفاعی روابط کو مزید مستحکم کیا، انسدادِ دہشت گردی میں اشتراک کو فروغ دیا اور باہمی افہام و تفہیم کے جذبے کو وسعت دی۔ ان کی مستقل وابستگی خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے احترام کی عکاس ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ یہ اعزاز دوطرفہ عسکری شراکت داری میں بڑھتے ہوئے اعتماد اور گہرائی کا مظہر ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی دفاعی تعاون، علاقائی امن و سلامتی کے لیے مشترکہ عزم کی تصدیق کرتا ہے۔
اپنے حالیہ دورۂ پاکستان کے دوران جنرل کوریلا نے اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں، جن میں صدر پاکستان اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر شامل ہیں۔ ملاقاتوں میں علاقائی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی، عسکری تعاون اور عالمی سطح پر ابھرتے خطرات سے نمٹنے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
