آئیسکو کی شاندار کارکردگی: مالی سال 2024-25 میں 14.70 ارب روپے کی بچت، 100 فیصد ریکوری

0

اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے مالی سال 2024-2025 کے دوران اپنی مثالی کارکردگی سے ایک بار پھر پاور سیکٹر میں نمایاں مقام حاصل کر لیا۔ لائن لاسز میں واضح کمی اور واجبات کی 100 فیصد وصولی کے باعث ادارے نے مجموعی طور پر 14 ارب 70 کروڑ روپے کی خطیر رقم کی بچت کی۔

آئیسکو نے مالی سال 2023-2024 میں ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نقصانات کو 8.75 فیصد سے کم کرتے ہوئے مالی سال 2024-2025 کے اختتام پر 8.39 فیصد تک محدود کر دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ بجلی بلوں کی وصولی کی شرح، جو گزشتہ مالی سال میں 98.2 فیصد تھی، رواں سال میں 100 فیصد تک پہنچا دی گئی۔

رپورٹ کے مطابق دو لاکھ سے زائد نئے بجلی کنکشنز مختلف ٹیرف کی بنیاد پر فراہم کیے گئے، جبکہ بلنگ کے نظام کو بھی بروقت اور مؤثر بنایا گیا۔

چیئرمین آئیسکو ڈاکٹر طاہر مسعود نے اس شاندار کامیابی پر چیف ایگزیکٹو محمد نعیم جان، افسران اور تمام عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں بہترین ٹیم ورک، مؤثر حکمت عملی اور قیادت کے اعتماد کا نتیجہ ہیں۔

چیئرمین نے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر توانائی اور ان کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی رہنمائی اور ویژن نے ادارے کو بہتر کارکردگی کی جانب گامزن رکھا۔

ڈاکٹر طاہر مسعود کے مطابق بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی، ڈسٹری بیوشن سسٹم کی بروقت دیکھ بھال، درست میٹر ریڈنگ اور جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال، آئیسکو کی کامیابی کے اہم عوامل میں شامل ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئیسکو آئندہ بھی اپنی شاندار روایت برقرار رکھتے ہوئے ملک بھر کی پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے لیے ایک مثالی ادارہ بنا رہے گا۔

Ask ChatGPT
Leave A Reply

Your email address will not be published.